خبردار ، محکمہ موسمیات کی 26 مئی تک خطر ناک موسمی صورتحال کی پیش گوئی

خبردار ، محکمہ موسمیات کی 26 مئی تک خطر ناک موسمی صورتحال کی پیش گوئی

ملک بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے کل سے 26 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ بعض علاقوں میں بارش اور غیر یقینی موسمی صورتحال بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح خطہ پوٹھوہار کے علاقے راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :کن شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کی نئی رپورٹ جاری

دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے جس کے باعث شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں بھی شدید گرمی کی صورتحال متوقع ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی 

سندھ کے شہروں کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر، میرپورخاص اور بدین سمیت دیگر علاقوں میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے علاقے تربت، سبی، لسبیلہ، جعفرآباد اور نصیرآباد بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق یہ صورتحال پہلے سے جاری موسمی اندازوں کا حصہ ہے اور درجہ حرارت میں اضافے سے صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔

editor

Related Articles