200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ

200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ

پنجاب بھر میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے حکومت نے سبسڈی نظام سے متعلق ایک بڑا اور اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں میں کیو آر کوڈ شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صارفین کیلئے ڈیجیٹل تصدیق کو لازمی قرار دے دیا ہے، جس کے بعد اب سستی بجلی حاصل کرنے والے لاکھوں صارفین کو اپنے کوائف کی باقاعدہ تصدیق کروانا ہوگی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف بنانا اور ایسے عناصر کی نشاندہی کرنا ہے جو ایک ہی گھر میں متعدد میٹرز لگا کر بار بار سبسڈی حاصل کر رہے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے ذریعے صرف حقیقی اور مستحق صارفین کو ہی ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ غیر قانونی یا غلط استعمال کی روک تھام بھی ممکن بنائی جائے گی۔

بجلی کے بل پر کیو آر کوڈ کیسے کام کرے گا؟

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق وہ تمام گھریلو صارفین جن کا ماہانہ بجلی استعمال 0 سے 200 یونٹ کے درمیان ہے، انہیں اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو اسمارٹ فون کے ذریعے اسکین کرنا ہوگا۔

صارفین اپنے موبائل فون کے کیمرے یا کسی بھی کیو آر اسکینر ایپ کی مدد سے کوڈ اسکین کریں گے، جس کے بعد وہ براہِ راست حکومت کے آفیشلسی ایس ایس پی آئی ٹی سی پورٹلپر منتقل ہو جائیں گے، وہاں صارف کو اپنے بجلی کے بل پر درج 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور قومی شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئےوزارت توانائی کا اہم بیان آگیا

تفصیلات درج کرنے کے بعد متعلقہ موبائل نمبر پر ایک مرتبہ استعمال ہونے والا خفیہ کوڈ یعنی او ٹی پی موصول ہوگا، اس کوڈ کے ذریعے موبائل نمبر کی تصدیق مکمل کی جائے گی اور یوں صارف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

تصدیق نہ کروانے والوں کی سبسڈی متاثر ہونے کا خدشہ

حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ رجسٹریشن اور تصدیقی عمل مسلسل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ سبسڈی کے نظام میں شفافیت برقرار رہے،پاور ڈویژن کے مطابق اگر کسی صارف نے مقررہ وقت میں اپنی معلومات کی تصدیق نہ کروائی تو اس کی بجلی پر ملنے والی سبسڈی متاثر ہو سکتی ہے۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے بل پر درج نام اور قومی شناختی کارڈ پر درج نام میں مطابقت ہونا ضروری ہے، بصورت دیگر تصدیقی عمل میں رکاوٹ یا تاخیر پیش آ سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کے ذریعے حکومت نہ صرف مستحق افراد تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے گی بلکہ بجلی کے شعبے میں موجود بے ضابطگیوں اور غلط اندراجات کو بھی کم کیا جا سکے گا۔

گھر بیٹھے آسان رجسٹریشن کی سہولت

پاور ڈویژن کے مطابق اس پورے عمل کو عام صارفین کیلئے انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ لوگ بغیر کسی دفتر گئے گھر بیٹھے ہی اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں۔

اگر کسی صارف کو بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرنے میں دشواری پیش آئے تو وہ براہِ راست کراس سبسڈی پروگرام کے آفیشل ویب پورٹل پر جا کر بھی اپنے کوائف درج کر سکتے ہیں۔

حکومت کا یہ اقدام مستقبل میں ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو مضبوط بنانے اور سبسڈی کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles