بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی

بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی

بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی ہے اور نئی پابندی 23 جون تک نافذ العمل رہے گی، اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تازہ نوٹم جاری کر دیا ہے جس میں بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی برقرار رکھنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

نوٹم کے مطابق بھارت میں رجسٹرڈ تمام کمرشل اور عسکری طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس پابندی کا اطلاق ایسے طیاروں پر بھی ہوگا جو بھارتی ایئرلائنز نے لیز پر حاصل کیے ہوئے ہیں یا جنہیں بھارتی شہری یا کمپنیاں چلا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع

حکام کے مطابق بھارتی فضائی کمپنیوں کو پابندی کے باعث متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں جس سے سفر کا دورانیہ اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان کی فضائی حدود خطے میں بین الاقوامی پروازوں کیلئے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہیں، خصوصاً وہ پروازیں جو بھارت سے مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر ممالک کی جانب جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال 23 اپریل سے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں اور اس پابندی میں مختلف اوقات میں توسیع کی جاتی رہی ہے، تازہ نوٹم جاری ہونے کے بعد یہ پابندی اب 23 جون تک برقرار رہے گی۔

اس فیصلے کے اثرات بھارتی ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات پر مسلسل پڑ رہے ہیں جبکہ کئی پروازوں کو طویل راستوں کے باعث اضافی وقت بھی درکار ہوتا ہے۔

editor

Related Articles