پاکستان کی تاریخ کا وہ خواب حقیقت بننے کے قریب آگیا جس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی تاریخی خلائی سفر کے لیے شٹل میں سوار ہوگئے ہیں۔ ان کے ساتھ دو چینی خلا باز بھی اس مشن کا حصہ ہیں، جبکہ چند گھنٹوں بعد پاکستان کا نام عالمی خلائی تاریخ میں ایک نئے اعزاز کے ساتھ درج ہونے جا رہا ہے۔
پاکستانی خلا باز کی روانگی سے قبل چین کے خلائی مرکز جیوکوان میں شین ژو 24 مشن کے عملے کے اعزاز میں الوداعی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک ہیں، جو اس تاریخی موقع پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
تاریخ رقم کرنے کی تیاریاں مکمل
مشن کی پرواز کا مرحلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے چین کے خلائی مرکز سے شروع ہونا ہے۔ ذیشان علی کے ساتھ چین کے دو خلا باز بھی خلائی سفر پر روانہ ہوں گے۔
تینوں خلا باز تقریباً پانچ گھنٹے کے سفر کے بعد تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچیں گے، جہاں ان کا قیام تقریباً ایک ہفتے پر مشتمل ہوگا۔ اس دوران وہ مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
تیانگونگ پر پہلا غیر ملکی خلا باز پاکستانی ہوگا
ذیشان علی کی اس تاریخی مہم کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہونے کے ساتھ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔
یہ اعزاز پاکستان کو عالمی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک منفرد شناخت دلائے گا۔ ان کی شرکت پاک چین سائنسی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کی بھی عکاسی کرتی ہے۔