بہتر مستقبل اور روزگار کے خواب آنکھوں میں سجائے بیرون ملک جانے والے باجوڑ کے 35 نوجوان لیبیا کے قریب سمندر میں پیش آنے والے کشتی حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
حادثے کی اطلاعات نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کردی ہے جبکہ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتیں واپس لانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بازیابی کے لیے متعلقہ ادارے کارروائی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں متعلقہ حکام کے ساتھ نیوی، نیٹو اور امدادی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے، میتوں کی جلد وطن واپسی اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
مبارک زیب خان نے بتایا کہ متاثرہ نوجوانوں کی مدد اور لاپتہ افراد کے بارے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کل ایک خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔
بچ جانے والے نوجوانوں سے رابطہ
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے کے بعد محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ باجوڑ کا ہر نوجوان ان کے لیے قیمتی ہے اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا اعلان
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کشتی حادثے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کی اس المناک موت نے انسانی اسمگلنگ کے خطرات اور غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک سفر کے سنگین نتائج کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔