پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، مساجد اور عیدگاہوں میں بڑے اجتماعات

پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، مساجد اور عیدگاہوں میں بڑے اجتماعات

خلیجی ممالک سمیت پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جار ہی ہے جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کرنے کے بعد سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی پیش کر رہے ہیں ۔

دن کا آغاز ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہات اور گلی محلوں میں نمازِ عید کے بڑے بڑے اجتماعات سے ہوا جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا۔

مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملکی سلامتی، استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  یہ بھی پڑھیں :پاکستان ریلویز کا عید الاضحیٰ پر 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

نماز عید کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری مختلف شہروں میں تعینات رہی ،کئی مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی بھی کی گئی۔

علماء کرام نے اپنے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کو اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں پر اتحاد، صبر، بھائی چارے اور ایثار کی اہمیت پر زور دیا۔

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی، قربانی کا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا گیا اور سماجی و فلاحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا،عید اجتماعات میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت بھی کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

editor

Related Articles