صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عید الاضحیٰ پر مبارکباد

صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو عید الاضحیٰ پر مبارکباد

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں عیدالاضحیٰ کو قربانی، ایثار، صبر اور اطاعتِ الٰہی کا عظیم درس قرار دیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اعلیٰ مقصد کے لیے جان، خواہشات اور مفادات کی قربانی دینا ایمان کی معراج ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ انسانیت، ایثار اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے۔ عیدالاضحیٰ ہمیں سنتِ ابراہیمیؑ، قربانی اور اطاعتِ خداوندی کا درس دیتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :عیدالاضحیٰ : صدرمملکت اور وزیراعظم سمیت سیاسی شخصیات نماز کہاں ادا کریں گی؟

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔ وزیرِ اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غریب، مستحق اور نادار افراد کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ اتحاد، یگانگت اور ایثار ہی قوموں کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعتِ الٰہی، صبر، وفا، اخلاص اور ایثار کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایک مکمل اخلاقی پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی مال و دولت میں نہیں بلکہ تقویٰ، خلوص اور انسانیت کی خدمت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی زندگی میں قربانی، برداشت، دیانت داری اور باہمی احترام انتہائی ضروری ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عیدالاضحیٰ کا پیغام ہمیں اتحاد، بھائی چارے اور ایثار کی طرف لے جاتا ہے اور اسی جذبے سے قومیں ترقی اور استحکام حاصل کرتی ہیں۔

editor

Related Articles