آسمان اور فلکیاتی مظاہر سے دلچسپی رکھنے والے افراد آج رات ایک منفرد اور نایاب منظر بلیو مون کا مشاہدہ کر سکیں گے مئی 2026 کے دوران دوسری بار مکمل چاند نمودار ہو رہا ہے جسے فلکیاتی اصطلاح میں بلیو مون کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بلیو مون کوئی نیلا رنگ کا چاند نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک فلکیاتی اصطلاح ہے۔ جب ایک ہی کیلنڈر مہینے میں دو مرتبہ مکمل چاند نظر آئے تو دوسرے مکمل چاند کو بلیو مون کا نام دیا جاتا ہے۔ رواں برس مئی میں پہلا مکمل چاند یکم مئی کو جبکہ دوسرا مکمل چاند 31 مئی کو ظاہر ہو رہا ہے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں چاند آج شام غروب آفتاب کے بعد طلوع ہوگا اور رات بھر آسمان پر نمایاں رہے گا۔ شام کے اوقات میں مشرقی افق پر اس کا نظارہ زیادہ واضح اور دلکش ہوگا، جبکہ صاف موسم کی صورت میں شہری رات گئے تک اس نایاب فلکیاتی منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ سپیس سائنس کے ماہرین کے مطابق اس مرتبہ بلیو مون ’’مائیکرو مون‘‘ بھی ہے، یعنی چاند اپنے مدار میں زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے پر موجود ہے۔ اسی وجہ سے یہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں کچھ چھوٹا اور قدرے کم روشن دکھائی دے سکتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چاند کے بہتر مشاہدے کے لیے کھلے میدانوں، پارکوں، بلند عمارتوں کی چھتوں یا ایسے مقامات کا انتخاب کریں جہاں روشنی کی آلودگی کم ہو اور افق واضح نظر آتا ہو۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق بلیو مون جیسے مناظر ہر سال دیکھنے کو نہیں ملتے بلکہ یہ عموماً دو سے تین سال کے وقفے سے نمودار ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ شوقین افراد اور ماہرین فلکیات کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔