بہترین حج انتظامات کی بدولت شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا،وفاقی وزیر مذہبی امور

بہترین حج  انتظامات کی بدولت شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا،وفاقی وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج ایک مقدس عبادت ہے اور اس پر سیاست یا پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نےپریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حج 2026 کے کامیاب انعقاد پر اللہ کا شکر ہے اور پاکستان کو مسلسل دوسرے سال بین الاقوامی “لبیتم ایکسی لینس” ایوارڈ اور پرائیویٹ حج سکیم کو تین ایوارڈز ملے ہیں۔

اس سال انتظامات بہتر ہونے کے باعث شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا، جبکہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے تقریباً 80 فیصد عازمین نے فائدہ اٹھایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی حکومت کی نئی ٹائم لائن کے مطابق حج پالیسی 2027 اسی ماہ جون میں وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی پالیسی میں “پہلے آؤ، پہلے پاؤ” کا اصول برقرار رہے گا،انہوں نے کہا کہ آئندہ حج کے لیے بکنگ اگلے دو ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے، لہٰذا خواہشمند افراد اپنے سفری دستاویزات فوری تیار رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں :حج 2026 کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی شروع، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

انہوں نے مزید کہا کہ حج 2026 کے دوران عازمین کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے بہترین انتظامات کیے گئے، جس کے باعث شکایات انتہائی کم رہیں۔

مدینہ منورہ میں مرکزیہ کے علاقے میں مختلف معیار کے ہوٹل فراہم کیے گئے، جبکہ بعض شدید بیمار اور بزرگ حجاج کو خصوصی انتظامات کے تحت مناسک حج کی ادائیگی میں سہولت دی گئی۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سعودی سطح پر بھی سراہا گیا ہے اور اس سال مجموعی طور پر ایک لاکھ اسی ہزار کے کوٹے کے ساتھ پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر رہاپرائیویٹ سیکٹر کو بھی نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو لاہور تک توسیع دی گئی، جس سے بڑی تعداد میں عازمین نے سہولت حاصل کی انہوں نے سعودی قیادت اور متعلقہ حکام کا شکریہ بھی ادا کیا جن کے تعاون سے حج انتظامات بہتر ہوئے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حج 2026 کے تجربات کی روشنی میں آئندہ سال مزید بہتری لائی جائے گی، جبکہ میڈیکل اسکریننگ، عازمین کی تربیت اور گروپ ناظمین کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عازمین کی تربیت کو حاجی کیمپوں سے بڑھا کر ڈویژنل سطح تک لے جایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ حج کے انتظامات میں عازمین کی صحت پر زیادہ توجہ دی جائے گی تاکہ صرف صحت مند افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔

editor

Related Articles