محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں دن کے وقت شدید گرمی برقرار رہے گی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہےتاہم بالائی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم عمومی طور پر گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام یا رات کے وقت ہلکے بادل چھانے کا امکان موجود ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی موجودہ لہر برقرار رہے گی، جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں محدود پیمانے پر بارش کے باعث درجہ حرارت میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔ عوام کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔