امریکی ریاست جارجیا میں ایک دلخراش حادثے نے شادی کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا

امریکی ریاست جارجیا میں ایک دلخراش حادثے نے شادی کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا

امریکی ریاست جارجیا میں ایک دلخراش حادثے نے شادی کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا، جہاں بھارتی نژاد ایک نوجوان اپنی شادی کے چند گھنٹوں بعد ہیلی کاپٹر حادثے میں جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کی نو بیاہتا اہلیہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیو فیجی نامی نوجوان اور ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اس وقت جاں بحق ہوئے جب رابنسن آر چھیاسٹھ ہیلی کاپٹر ڈاسن ول کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں ڈیو کی اہلیہ جیسنی زخمی ہوئیں، تاہم ان کی جان بچ گئی اور وہ اس وقت اٹلانٹا کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ڈیو فیجی خود بھی معروف فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے پائلٹ تھے، ان کی شادی ڈاسن ول کے مشہور مقام دی ریویئر میں منعقد ہوئی تھی، جہاں تقریباً 400مہمانوں نے شرکت کی، شادی کی تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور نوبیاہتا جوڑے کے لیے خصوصی رخصتی کا انتظام کیا گیا۔

خاندان کے مطابق دلہا اور دلہن ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈیکالب پیچ ٹری ہوائی اڈے جا رہے تھے، جہاں سے انہیں اٹلانٹا کے ایک ہوٹل پہنچنا تھا تاکہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کر سکیں، تاہم یہ سفر اپنی منزل تک نہ پہنچ سکا اور چند ہی لمحوں بعد ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں :صومالیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، 5 اہلکار ہلاک

عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر اٹلانٹا کے قریب ایک وسیع جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کے بعد جیسنی تقریباً چھ گھنٹے تک ملبے میں پھنسی رہیں ،ہوش میں آنے پر انہوں نے اپنے شوہر کو بے حس و حرکت پایا چونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے نرس ہیں، اس لیے وہ فوراً سمجھ گئیں کہ ان کے شوہر انتقال کر چکے ہیں۔

ڈیو کے والد جارج نے بتایا کہ حادثے والی رات شدید بارش اور حدِ نگاہ انتہائی کم تھی، ڈیو نے پرواز سے قبل خراب موسم پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا اور پائلٹ کو بتایا تھا کہ ایسی صورتحال میں عام طور پر پرواز نہیں کی جاتی تاہم انہیں یقین دلایا گیا کہ پرواز محفوظ انداز میں زیادہ بلندی پر کی جائے گی۔

جیسنی کو حادثے میں متعدد زخم آئے، تاہم خوش قسمتی سے ان کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی۔ دوسری جانب امریکی تحقیقاتی ادارہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہا ہے، تاہم تاحال کوئی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔

اپنے بیٹے کی اچانک موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے جارج نے کہا کہ خدا نے انہیں ایک یادگار شادی کا دن عطا کیا تھا، لیکن چند گھنٹوں بعد وہ خوشی ایک المناک سانحے میں تبدیل ہوگئی ، ایسے کٹھن وقت میں صبر اور سکون کا سہارا صرف دعا اور ایمان ہی بن سکتا ہے۔

editor

Related Articles