ایرانی ریال میں بڑی کمائی کے خواب دیکھنے والے ہزاروں پاکستانیوں کے لیے مئی 2026 کا اختتام مایوس کن ثابت ہواجس سے خریداروں کی پریشانی میں بھی اضافہ ہوا۔
ایران سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کے باوجود وہ بڑا اضافہ سامنے نہ آ سکا جس کی امید پر بہت سے تاجروں اور چھوٹے سرمایہ کاروں نے ریال خرید رکھا تھا ، یہی وجہ ہے کہ مہینے کے اختتام پر خریداروں کی بڑی تعداد پریشانی اور انتظار کی کیفیت میں دکھائی دی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پورے مئی کے دوران 1 کروڑ ایرانی ریال (10 ملین IRR) کا بنڈل پاکستان کی غیر رسمی کیش مارکیٹ میں تقریباً 8 ہزار سے 10 ہزار روپے کے درمیان فروخت ہوتا رہا۔ اگرچہ قیمت میں معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم کوئی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ نہیں ہوا۔
ایرانی ریال توقعات پر پورا نہ اتر سکا
بہت سے سرمایہ کاروں کا خیال تھا کہ علاقائی حالات کے باعث ایرانی ریال کی مانگ میں اضافہ ہوگا اور اس کی قیمت نمایاں طور پر اوپر جائے گی تاہم عملی طور پر ایسا نہ ہو سکا ، نتیجتاً وہ افراد جو مختصر مدت میں زیادہ منافع کے منتظر تھے، انہیں خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ریال کا پریمیم پرانی بنیادوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رہا، لیکن مارکیٹ کو جس بڑے بریک آؤٹ کا انتظار تھا وہ نظر نہیں آیا، اسی لیے سرمایہ کاروں میں احتیاط اور بے یقینی بڑھتی جا رہی ہے۔
مقامی مارکیٹ اور عالمی شرح میں فرق برقرار
دلچسپ بات یہ ہے کہ مقامی اوپن مارکیٹ اور حقیقی بین الاقوامی شرح کے درمیان فرق وسیع رہا، لیکن تازہ رفتار کی کمی نے بہت سے مقامی خریداروں کو پریشان کر دیا۔
پاکستان کی غیر رسمی مارکیٹ میں ریال کی قیمت کا تعین اکثر مقامی طلب، دستیابی اور قیاس آرائیوں کی بنیاد پر ہوتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر صورتحال مختلف رہتی ہے، اسی فرق کی وجہ سے کئی خریداروں نے زیادہ منافع کی امید لگائی تھی، مگر مارکیٹ نے ان کی توقعات پوری نہیں کیں۔
سوشل میڈیا اور مختلف کاروباری حلقوں میں بھی اس صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سرمایہ کار اب کیا کریں؟
مالیاتی مبصرین کے مطابق ایرانی ریال میں آئندہ دنوں کی سمت کا انحصار خطے کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر ہوگا، اگر نئے عوامل سامنے آتے ہیں تو قیمتوں میں دوبارہ حرکت دیکھی جا سکتی ہے تاہم فی الحال مارکیٹ نسبتاً مستحکم دکھائی دے رہی ہے۔
ماہرین سرمایہ کاروں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ صرف افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کی بنیاد پر فیصلے نہ کریں بلکہ خطرات کا جائزہ لے کر سرمایہ کاری کریں۔ کیونکہ کرنسی مارکیٹ میں غیر متوقع تبدیلیاں کسی بھی وقت منافع کو نقصان میں بدل سکتی ہیں ۔
اگرچہ ریال نے اپنی سطح برقرار رکھی، لیکن وہ غیر معمولی اضافہ نہ دے سکا جس کا انتظار کیا جا رہا تھا ، اب سرمایہ کاروں کی نظریں جون کے آغاز اور مارکیٹ کے اگلے رجحان پر مرکوز ہیں۔