وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کیلئے نجی حج اسکیم کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت پرائیویٹ حج آپریشن کو بھی نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے وزارت کی براہِ راست نگرانی میں چلایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ سال نجی حج کی بکنگ کا عمل روایتی انداز میں پرائیویٹ حج آپریٹرز کے ذریعے نہیں ہوگا بلکہ وزارتِ مذہبی امور کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے سرکاری پاک حج ایپ کو استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے نجی حج اسکیم سے متعلق بکنگ اور دیگر مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
نئے نظام کا فیصلہ سعودی عرب کے نسک مسار سسٹم کے مطابق حج آپریشن کو ڈیجیٹل بنانے کے تناظر میں کیا گیا ہے، لہذا حج 2027 میں پہلی مرتبہ سرکاری اسکیم کے ساتھ ساتھ نجی حج آپریشن بھی وزارتِ مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں انجام پائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کے اس اقدام سے نجی حج اسکیم کے انتظامی اور بکنگ کے مراحل کو ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام کے تحت لانے کی راہ ہموار ہوگی، جبکہ عازمینِ حج کے لیے بکنگ کے طریقہ کار میں بھی نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل حکومت نے آئندہ چار برس کے لیے حج پالیسی 2027 تا 2030 متعارف کرا دی ہے، جس میں عازمین حج کو سہولت دینے، اخراجات کو بہتر انداز میں منظم کرنے اور پورے نظام کو جدید ڈیجیٹل طریقوں سے چلانے کے لیے کئی نئے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
نئی حج پالیسی کے تحت پہلی بار چار سالہ رجسٹریشن، ڈیجیٹل ویٹنگ لسٹ، مختلف حج پیکیجز اور مکمل آن لائن نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، حکومت کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد شفافیت بڑھانا، بہتر منصوبہ بندی کرنا اور عازمین حج کو زیادہ معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
نئی حج پالیسی سے عازمین کو کیا فائدہ ہوگا؟
حکومت کے مطابق حج پالیسی 2027 تا 2030 کو سعودی وژن 2030 اور عالمی معیار کے طریقہ کار سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل نظام، طویل مدتی منصوبہ بندی اور شفاف طریقہ کار سے حج انتظامات میں بہتری آنے کی توقع ہے تاہم عازمین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ رجسٹریشن، ادائیگی اور دیگر مراحل کے دوران صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔