بغیر اے سی کے گھر کو قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھیں، جانئے کیسے؟

بغیر اے سی کے گھر کو قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھیں، جانئے کیسے؟

بھارت کے شہر بنگلورو میں شدید گرمی کی لہر کے دوران ایک شہری نے بغیر ائیر کنڈیشنر کے اپنے گھر کو قدرتی اور ماحول دوست طریقے سے ٹھنڈا رکھنے کا منفرد حل نکال لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ستیہ پرکاش وراناشی نے اپنے گھر کو اس انداز سے ڈیزائن کیا ہے کہ سخت گرمی کے باوجود اندر کا درجہ حرارت باہر کے مقابلے میں 2 سے 3 ڈگری کم رہتا ہے۔

گھر کی تعمیر میں روایتی سیمنٹ کی دیواروں کی جگہ کھوکھلی مٹی کے بلاکس استعمال کیے گئے، جو قدرتی طور پر کمروں کے درجہ حرارت کو متوازن رکھتے ہیں۔ سلائیڈنگ دروازے اور حکمت عملی سے بنائی گئی کھڑکیاں گرم ہوا کو باہر نکالنے اور ٹھنڈی ہوا کے داخلے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

گھر کے اطراف پھولوں اور پودوں سے مزین سرسبز باغیچہ بنایا گیا ہے، جو نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ جمالیاتی حسن میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ مزید برآں، گھر میں فرانسیسی طرز کی بڑی کھڑکیاں استعمال کی گئی ہیں، جو قدرتی روشنی اور مسلسل ہوا کی آمدورفت کو یقینی بناتی ہیں۔

ستیہ پرکاش وراناشی کے مطابق گھر کے قدرتی طور پر ٹھنڈا رہنے کے تین بنیادی اصول ہیں: کراس وینٹی لیشن، ڈسپلیسمنٹ وینٹی لیشن اور جسمانی سطح پر ہوا کی روانی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور طوفان، 20 سے زائد افراد زخمی

گھر کے اندر پانی کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مچھلیوں کا تالاب اور ایک کھلا کنواں زیر زمین پانی کو ری چارج کرتے ہیں اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ پھولوں سے بھرے باغیچے کے نیچے 15 ہزار لیٹر بارش کا پانی ذخیرہ کیا گیا ہے، جو عملی استعمال میں لایا جاتا ہے۔

داخل ہوتے ہی گھر میں مٹیالا اور قدرتی ماحول محسوس ہوتا ہے، جہاں ری سائیکل شدہ پائن لکڑی، گرینائٹ پتھر کی سیڑھیاں، ریڈ آکسائیڈ فرش اور لکڑی کا فرنیچر دیہی طرز کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔ مصنوعی کولنگ کے بجائے قدرتی چمنی کا نظام استعمال کیا گیا ہے، جس سے توانائی کی بچت بھی ہوتی ہے۔

وراناشی نے یہ ماحول دوست گھر اپنی اہلیہ اشالا اور بیٹیوں گوری اور سیری کے آرام و سکون کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا ہے، تاکہ وہ سخت گرمی کے دوران بھی قدرتی اور پرسکون ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا نے دوسر ے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی،سیریز برابر

Related Articles