ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور طوفان، 20 سے زائد افراد زخمی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور طوفان، 20 سے زائد افراد زخمی

سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں، آندھی، طوفان اور بارش نے شدید گرمی کی لہر کا زور توڑ دیا تاہم خراب موسم کے باعث متعدد حادثات بھی پیش آئے جن میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور طوفانی موسم کے دوران درخت گرنے، دیواریں اور سائن بورڈ گرنے جیسے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔

   یہ بھی پڑھیں :آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی موسم نے اچانک رخ بدل لیا۔ تھرپارکر میں بارش نے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کر دی جبکہ سکھر میں ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ لاڑکانہ، حیدرآباد، مٹیاری، ہالہ، نیو سعید آباد، شکارپور اور کندھ کوٹ میں گرد آلود طوفان اور تیز ہواؤں کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ بعض علاقوں میں سڑکوں پر حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔

 یہ بھی پڑھیں :بارشیں، برفباری،آندھی طوفان،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ اسلام آباد، لاہور، جہلم، سرگودھا، گجرات، رحیم یار خان اور چنیوٹ سمیت کئی علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں نے شدید گرمی کے بعد ہونے والی بارش کا خیرمقدم کیا تاہم بعض مقامات پر بارش کے باعث بجلی کی فراہمی میں تعطل بھی دیکھا گیا۔

دوسری جانب ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی مرکزی لائن کا ٹاور گر گیا جس کے نتیجے میں پاراچنار، ملحقہ علاقوں اور پاک افغان سرحد کے متعدد دیہات بجلی سے محروم ہوگئے۔ متعلقہ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

editor

Related Articles