کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر شہر میں 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ نوٹیفکیشن کے ایم سی کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق 22 ذوالحج 1447 ہجری بمطابق 8 جون کو کراچی میں تمام کے ایم سی کے دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعطیل سٹی کونسل کراچی کی منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں دی جا رہی ہے۔ تاہم وہ تمام ادارے اور دفاتر جو ضروری اور ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دیتے ہیں، معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
کے ایم سی حکام نے کہا کہ مقامی تعطیل کے فیصلے کی باقاعدہ منظوری مجاز اتھارٹی نے دی ہے، اور اس فیصلے سے متعلق تمام محکموں اور شعبہ جات کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کے اہم مذہبی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ عرس کے موقع پر مختلف مذہبی اور روحانی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔
شہری حلقوں نے مقامی تعطیل کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عرس کی تقریبات پر امن ماحول میں منعقد ہوں گی اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔