مالد یپ کو شکست،پاکستان فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کر دی

مالد یپ کو شکست،پاکستان فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کر دی

پاکستان فٹبال ٹیم نے ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان مالدیپ کو 0-3 سے شکست دے کر نہ صرف اہم کامیابی حاصل کر لی بلکہ 961 روز سے جاری فتوحات سے محرومی کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔

مالدیپ کے شہر مالے میں کھیلے گئے میچ میں پہلے ہاف کے دوران دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں قومی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین گول اسکور کیے اور میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی تاریخی جیت، فیفا سیریز میں 0-8 سے فتح

پاکستان کی جانب سے پہلا گول 54 ویں منٹ میں نوجوان فارورڈ عمر نواز نے کیا جو قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں پہلی مرتبہ ابتدائی لائن اپ کا حصہ بنے تھے۔ عمر نواز کی یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی خاص رہی کہ ان کے بڑے بھائی حارث نواز 2014 کے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہوئے تھے جبکہ دوسرے بھائی احمد نواز اس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں خاندان برطانیہ منتقل ہو گیا جہاں عمر نواز نے فٹبال کی تربیت حاصل کی۔

میچ کے 84 ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے پاکستان کی برتری دگنی کر دی جبکہ صرف تین منٹ بعد ہارون حامد نے تیسرا گول کرکے فتح پر مہر ثبت کر دی۔ مقررہ وقت کے اختتام تک مالدیپ کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کر سکی اور پاکستان نے 0-3 سے کامیابی حاصل کر لی۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے ناروے کے استور کلب کو شکست دے دی

یہ 1991 کے بعد مالدیپ کے خلاف پاکستان کی پہلی بین الاقوامی فتح ہے۔ قومی ٹیم نے اس سے قبل آخری کامیابی 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی روشن ہو گئی ہیں۔ قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ دو پوزیشن برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان 10 جون کو ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اہل ہوگا۔

editor

Related Articles