پاکستان کرکٹ میں اہم تبدیلیوں کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں جہاں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں ردوبدل پر غور کیا جا رہا ہے موجودہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اہم اجلاس رواں ہفتے جمعہ اور ہفتہ کو متوقع ہیں جن میں قومی کرکٹ کے مستقبل ٹیم مینجمنٹ اور قیادت سے متعلق اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی اس دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور کرکٹ امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی مستقبل کی حکمت عملی اور قیادت کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اسی تناظر میں سلمان علی آغا کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ شان مسعود کے بطور کپتان مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ متوقع ہے۔
سلمان علی آغا اس وقت قومی وائٹ بال ٹیم کی قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں اور حالیہ عرصے میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور میدان میں مثبت انداز کو کرکٹ حلقوں میں سراہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن اور انتظامی کمیٹی کے بعض اراکین انہیں تینوں فارمیٹس میں قیادت کے لیے موزوں امیدوار تصور کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی کے اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچنگ اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔ سابق کپتانوں محمد حفیظ اور یونس خان کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کی تجاویز پر بھی غور متوقع ہے جبکہ ٹیم کی بہتری اور آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کے پیش نظر دیگر اہم تقرریوں کا بھی امکان ہے۔
کرکٹ شائقین اور ماہرین کی نظریں اب پی سی بی کے ان اہم اجلاسوں پر مرکوز ہیں جہاں قومی ٹیم کے مستقبل اور قیادت کے حوالے سے اہم فیصلے سامنے آ سکتے ہیں۔ تاہم حتمی اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد ہی متوقع ہے۔