سری نگر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے اپنے ویڈیو پیغام میں آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اختلافات بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کریں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا ساتھ دیں۔
ویڈیو پیغام میں نوجوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم، گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز لوگوں پر ظلم کیا جاتا ہے، انہیں اٹھا کر غائب کر دیا جاتا ہے اور وہاں کے عوام کے پاس کوئی آزادی نہیں ہے۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ آزاد کشمیر میں حالات خراب ہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے درخواست کی کہ وہ آپس میں نہ لڑیں، کیونکہ ان کے بقول آزاد کشمیر کے لوگوں کے پاس آزادی موجود ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے پاس ایسا کچھ نہیں۔
سری نگر کے نوجوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اس انتظار میں ہیں کہ آزاد کشمیر کے عوام ان کی مدد کو آئیں گے، لیکن افسوس کہ وہ اپنے ہی گھر کو جلانے میں لگے ہوئے ہیں۔
نوجوان نے اپنے پیغام میں آزاد کشمیر کے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔