اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم ملاقات جاری ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے جبکہ کشمیر کی صورتحال پر بھی مشاورت کی جارہی ہے۔ ملاقات میں وزیر اعظم آزاد کشمیر بھی شریک ہیں ۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران مجموعی سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور مختلف قومی معاملات اور بالخصوص بجٹ پر تفصیلی گفتگو کی جارہی ہے جبکہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے
ملاقات کو اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس میں مختلف سطح پر رابطوں اور مشاورت کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
ایوانِ صدر میں جاری اہم ملاقات میں بجٹ پر پیپلزپارٹی کے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی شریک ہے، جن میں بلاول بھٹو زرداری، نوید قمر اور شیری رحمان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر شامل ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی ٹیم کی جانب سے پیپلزپارٹی کی قیادت کو بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی جا رہی ہے، جس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام، ٹیکسز اور بجٹ کے مجموعی اعداد و شمار شامل ہیں۔ اس بریفنگ کا مقصد بجٹ سے متعلق تحفظات کو دور کرنا اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پیپلزپارٹی نے بجٹ تجاویز کی تیاری کے لیے حکومت سے وقت طلب کیا تھا، جبکہ حکومت نے بجٹ سازی کے عمل میں پیپلزپارٹی کو ساتھ رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس سے قبل پیپلزپارٹی کی جانب سے بجٹ پر مختلف تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جنہیں دور کرنے کے لیے حکومت نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی معاشی ٹیم نے بھی اپنی سطح پر بجٹ تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے، اور دونوں فریقین کے درمیان جاری مشاورت کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔