ڈی جی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ میں ایک غیر معمولی پولیس کارروائی کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے تقریباً 80 فٹ بلند کھجور کے درخت پر چڑھ گیا۔
میڈیاذرائع کے مطابق پولیس جب ملزم کی گرفتاری کے لیے پہنچی تو اس نے فرار کی کوشش کرتے ہوئے درخت کا سہارا لیا اور کافی بلندی پر جا کر بیٹھ گیا۔ اہلکاروں کی جانب سے متعدد بار اسے نیچے اترنے کا کہا گیا، تاہم اس نے تعاون سے انکار کر دیا۔
صورتحال طویل ہونے پر ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے اسے محفوظ طریقے سے نیچے لانے کی کوشش کی، مگر ملزم اپنی ضد پر قائم رہا اور نیچے آنے سے انکار کرتا رہا۔
کئی گھنٹے جاری رہنے والی اس کوشش کے باوجود جب کوئی حل سامنے نہ آیا تو حکام نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے درخت کو کاٹنے کا فیصلہ کیا۔درخت کے گرنے کے بعد ملزم نیچے آ گیا اور فوری طور پر پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔