حکومتِ پاکستان نے ٹریژری بلز کو موبائل ایپ پر باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے جس کے تحت اب عام صارفین صرف پانچ ہزار روپے کی سرمایہ کاری سے حکومتی مالیاتی آلات میں حصہ لے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حکومتِ پاکستان کے ٹریژری بلز کو موبائل ایپ پر باضابطہ طور پر متعارف کرایا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ عام شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے براہِ راست حکومتی سرمایہ کاری کے آلے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
یہ انقلابی اقدام وزارتِ خزانہ پاکستان، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور متعلقہ مائیکروفنانس بینکنگ اداروں کے اشتراک سے ممکن بنایا گیا ہے۔
تقریب میں مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد، ڈیٹ مینجمنٹ کے مشیر عمر ایم خان، اور متعلقہ مالیاتی اداروں کے چیئرمین عامر ابراہیم، سی ای او مرتضیٰ علی اور سی ای او حارث محمود چوہدری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
نئی سہولت کے تحت ملک کا کوئی بھی عام صارف صرف پانچ ہزار روپے کی معمولی رقم سے حکومتی ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کا آغاز کر سکتا ہے۔
حکام کے مطابق صارفین اب ایک مکمل ڈیجیٹل عمل کے ذریعے محفوظ اور سرکاری ضمانت یافتہ سرمایہ کاری تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور عام عوام کو دستاویزی معیشت کے دائرے میں لانے کی سمت میں ایک انتہائی اہم اور بڑا قدم ثابت ہوگا۔