ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران کا دو روزہ منصوبہ بہت معقول تجاویز پر مبنی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایرانی حقوق کے مطالبے کو امریکا غیرمعقول سمجھتا ہے جبکہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ ہرگز غیرمعقول نہیں بلکہ غیرمعقول اقدام تو مذاکرات کے دوران جنگ شروع کرنا ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا، امریکا ایران کے مطالبات مان لیتا ہے تو آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی بحال ہوجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی آئرن گیٹ ٹاسک فورس امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے، امریکا کو سمجھ جانا چاہیے کہ جنگ کی حمایت کتنی مہنگی پڑتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع ہونے کے امکان کو انتہائی کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے بجائے ایک مضبوط معاہدے کو ترجیح دیں گے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ آیا ایران امریکا کے ساتھ ایک مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کرنے والے قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
قطر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور ممکنہ معاہدے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم ٹرمپ کے بیان سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ کسی نئے معاہدے پر اتفاق ہوچکا ہے یا مذاکرات میں کوئی حتمی پیش رفت ہوئی ہے۔