وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے حکومت ایک نیا اور شفاف طریقۂ کار متعارف کرانے جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں،حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک فوری منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف فارمولا تیار کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو مل سکے، اس مقصد کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کا جائزہ لینے والی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی مشترکہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی آ رہی ہے اور دونوں ممالک جنگ بندی کے معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں، ان حالات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی دیکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد مرتب کی جائے گی اور حکومت قیمتوں میں ردوبدل کی وجوہات سے عوام کو مکمل طور پر آگاہ رکھے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حالیہ علاقائی چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملک میں تیل کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی، جو حکومت اور متعلقہ اداروں کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے اور ملکی توانائی سلامتی کے نظام کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔