چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ کو گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس دوران حکومت سازی کے امور، سیاسی حکمت عملی اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اہم ہدایات دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گفتگو میں گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی و معاشی حقوق کے تحفظ اور ان پر عملی پیش رفت کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، پارٹی قیادت نے واضح کیا ہے کہ نئی حکومت میں عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
امجد حسین ایڈووکیٹ اس وقت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں اور حالیہ انتخابات میں حلقہ جی بی اے-1 گلگت سے کامیابی حاصل کر چکے ہیں، جس کے بعد وہ صوبائی قیادت میں ایک اہم سیاسی شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے 24 میں سے 21 حلقوں کے سرکاری نتائج جاری کیے جا چکے ہیں، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، مسلم لیگ ن 6 نشستوں کے ساتھ دوسرے، جبکہ آئی پی پی 4، ایم ڈبلیو ایم 1 اور ایک نشست آزاد امیدوار نے حاصل کی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ان نتائج کے بعد گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا عمل تیز ہو گیا ہے اور آئندہ دنوں میں اہم سیاسی پیش رفت متوقع ہے۔