بھارتی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ سرگن مہتا نے ایک بار پھر پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
فلم ’’کیری آن جٹا 4‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں برطانیہ میں موجود سرگن مہتا نے پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی ڈراموں کی باقاعدہ ناظر ہیں اور انہیں پاکستانی شوبز انڈسٹری کا کام بے حد پسند ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے انہوں نے بعض پاکستانیوں سے بھی زیادہ پاکستانی ڈرامے دیکھ رکھے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں، اداکاری اور پیشکش انہیں ہمیشہ متاثر کرتی ہے۔
سرگن مہتا نے گفتگو کے دوران پاکستانی شوبز انڈسٹری کے متعدد معروف ستاروں کا ذکر بھی کیا، جن میں ہمایوں سعید، ماہرہ خان، بلال عباس خان اور ہانیہ عامر شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سرگن مہتا نے پاکستانی ڈراموں سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران بھی انہوں نے خود کو پاکستانی ڈراموں کی سب سے بڑی مداح قرار دیا تھا۔
اداکارہ نے اس وقت بتایا تھا کہ وہ پاکستانی ڈراموں کی فہرست تیار کرتی ہیں اور اکثر 3 سے 4 دن کے اندر پورا ڈرامہ دیکھ لیتی ہیں۔ انہوں نے مشہور پاکستانی ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘کو اپنا پسندیدہ ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسے تین مرتبہ دیکھ چکی ہیں۔
سرگن مہتا کے حالیہ بیان کو سوشل میڈیا پر پاکستانی مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی عالمی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔