بالی ووڈ میں دولت کی بات ہو تو ذہن میں فوراً شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن اور عامر خان جیسے نام آتے ہیں مگر بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک ایسی شخصیت بھی ہے جو کیمرے کے سامنے آتی ہے نہ کیمرے کے پیچھے، اور اس کے باوجود دولت میں ان سب سے آگے نکل چکی ہے۔
یہ شخصیت کون ہے ؟
یہ ٹی سیریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر بھوشن کمار ہیں ، ہُرون انڈیا رچ لسٹ 2026 کے مطابق ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 36 ہزار 300 کروڑ بھارتی روپے، یعنی تقریباً 3.8 ارب ڈالر ہے۔
اس کے مقابلے میں شاہ رخ خان کی دولت تازہ رپورٹس میں تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے، جو انہیں بھارت کا امیر ترین اداکار بناتی ہے ، یوں بھوشن کمار کی دولت کئی بڑے سپر اسٹارز سے کہیں زیادہ ہے۔
19 سال کی عمر میں بھاری ذمہ داری
ٹی سیریز کی بنیاد بھوشن کمار کے والد گلشن کمار نے 1983 میں ایک میوزک کمپنی کے طور پر رکھی تھی، 1997 میں گلشن کمار کا انتقال ہوا تو بھوشن کمار نے اپنے چچا اور سابق اداکار کرشن کمار کے ساتھ مل کر کاروبار سنبھالا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 19 سال تھی۔
موسیقی سے فلم اور ڈیجیٹل دنیا تک
بھوشن کمار کی قیادت میں ٹی سیریز صرف میوزک تک محدود نہیں رہی ، کمپنی نے فلم پروڈکشن، فلم ڈسٹری بیوشن اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ میں بھی قدم رکھا، اور دیکھتے ہی دیکھتے بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بڑے ناموں میں شامل ہو گئی۔
ٹی سیریز اب تک 100 سے زیادہ فلمیں بنا چکی ہے، اور اندازوں کے مطابق بھارت کی تقریباً 35 فیصد میوزک مارکیٹ اسی کے پاس ہے۔
یوٹیوب پر ریکارڈ کامیابی
ڈیجیٹل دنیا میں بھی ٹی سیریز کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ اگست 2026 تک اس کے مرکزی یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 314 ملین سے بڑھ چکی تھی، جبکہ ویڈیوز کو مجموعی طور پر 353 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔ یہ چینل دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے اور سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والے چینلز میں دوسرے نمبر پر ہے۔
دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟
کمار خاندان کی دولت میں پچھلے برسوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے ، ہُرون کی پرانی رپورٹس میں خاندان کی دولت تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔
البتہ تازہ اعداد و شمار کو تخمینہ ہی سمجھنا چاہیے، کیونکہ ہُرون رچ لسٹ میں کمپنیوں اور اثاثوں کی مالیت کسی خاص وقت کی بنیاد پر لگائی جاتی ہے اور وقت کے ساتھ اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
اداکاری نہیں، کاروبار
دوسرے امیر بالی ووڈ ستاروں کے برعکس بھوشن کمار کی دولت کا تعلق اداکاری سے نہیں ، اس کی بنیاد ٹی سیریز کو پھیلانے اور اسے موسیقی، فلم اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کی ایک بڑی سلطنت بنانے پر ہے ، یہ اس بات کی مثال ہے کہ بالی ووڈ کی دولت صرف اس کے سپر اسٹارز تک محدود نہیں، بلکہ ان کے پیچھے کھڑے کاروباری ادارے بھی اربوں ڈالر کما رہے ہیں۔