زندہ دلان لاہور کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10 روزہ جشن کی منظوری دیدی

زندہ دلان لاہور کیلئے خوشخبری، وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10 روزہ جشن کی منظوری دیدی

لاہور کی چھتیں ایک بار پھر رنگ برنگی پتنگوں سے سجنے والی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلان لاہور کے لیے نئے سال 2027 میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی ہے۔

بسنت کب منائی جائے گی؟

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق بسنت کا جشن 29 جنوری سے 7 فروری تک جاری رہے گا تاہم 5 فروری کو “یوم کشمیر” کے موقع پر ایک دن کے لیے بسنت کی سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔

25 سال بعد واپسی اور اس سال کی بسنت

لاہور میں بسنت 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں منائی گئی تھی ،  اس سال 6 سے 8 فروری تک تین روز جشن رہا،  اب مریم نواز شریف نے اسے بڑھا کر 10 روز تک لے جانے کی ہدایت کی ہے، جسے لاہوریوں کے لیے نئے سال کا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کیا کہا؟

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 10 روزہ بسنت پوری دنیا میں پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کو فروغ دے گی۔ ان کے مطابق یہ تہوار صرف پتنگ بازی نہیں، بلکہ شہر کی ثقافتی پہچان کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محفوظ بسنت، لاہور پولیس کا 23 لاکھ بائیکرز کو سیفٹی راڈز فراہم کرنے کا فیصلہ

مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت کے مقابلے میں شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے اس سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں۔ بسنت کے ساتھ انسانی جانوں کو لاحق خطرات ہمیشہ ایک بڑا مسئلہ رہے ہیں، اسی لیے حکومت کی طرف سے حفاظتی اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے۔

عوام سے اپیل

وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انسانی جان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہوری اس بار بھی گزشتہ بسنت کی طرح ایک نئی مثال قائم کریں۔

editor

Related Articles