پاکستان فٹبال ٹیم نے فیفا آ سیان کپ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے فلپائن کے خلاف میچ 2،2 سے برابر کر دیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔
انڈونیشیا اور ہانگ کانگ کی مشترکہ میزبانی میں جاری ٹورنامنٹ کے میچ میں فلپائن نے پاکستان کے خلاف دو گول کی برتری حاصل کرلی تھی، تاہم قومی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور بھرپور واپسی کرتے ہوئے دو گول اسکور کرکے میچ برابر کردیا۔
پاکستان کی جانب سے علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد نے گول کیے، جو دونوں کے پہلے بین الاقوامی گول بھی ہیں۔ یہ پاکستان فٹبال ٹیم کے لیے ایک تاریخی موقع بھی ہے، کیونکہ فیفا کے اس مقابلے میں یہ قومی ٹیم کی پہلی شرکت ہے۔ اسی میچ میں پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے گول بھی اسکور کیے۔
عالمی فٹبال رینکنگ میں پاکستان 198ویں جبکہ فلپائن 136ویں نمبر پر موجود ہے، اس لیے قومی ٹیم کی جانب سے دو گول کے خسارے کے بعد مقابلہ برابر کرنا نمایاں کارکردگی قرار دیا جا رہا ہے۔