بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان سے منسوب جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا دعویٰ جعلی ثابت ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر ایک اسکرین شاٹ تیزی سے وائرل ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ قاسم خان نے برطانوی صحافی کرسٹین امان پور کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی کے مبینہ منصوبے کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
وائرل پوسٹ میں کیا دعویٰ کیا گیا؟
یہ دعویٰ 5 اگست کو ایکس جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ کے ذریعے سامنے آیا،پوسٹ میں مذکورہ اسکرین شاٹ کو قاسم خان کے حالیہ انٹرویو سے منسوب کیا گیا۔
وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ کرسٹین امان پور نے قاسم خان سے سوال کیا کہ کیا ان کے بھائی سوئٹزرلینڈ میں اپنے نئے والدکے ساتھ موجود ہیں، پوسٹ کے مطابق قاسم خان نے مبینہ طور پر تصدیق کی کہ ان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی ہے۔
مذکورہ پوسٹ کو خبر کی اشاعت تک 3 ہزار 200 سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا تھا جبکہ اسے 67 لائکس بھی ملے، یہی دعویٰ ایکس اور فیس بک کے دیگر اکاؤنٹس سے بھی شیئر کیا گیا۔
مکمل انٹرویو کا جائزہ
فیکٹ چیک کے لیے 4 اگست کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کیے گئے قاسم خان اور کرسٹین امان پور کے مکمل 41 منٹ سے زائد دورانیے کے انٹرویو کا جائزہ لیا گیا،جائزے سے معلوم ہوا کہ انٹرویو میں قاسم خان نے اپنے والد عمران خان کی قید، ان کی سیاسی جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن اور پاکستان سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو کی، تاہم اپنی والدہ کی دوسری شادی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔
کرسٹین امان پور نے سوال نہیں کیا
انٹرویو کے دوران کسی بھی مقام پر کرسٹین امان پور نے قاسم خان سے جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی یا کسی مبینہ نئے سوتیلے والد سے متعلق سوال نہیں کیا،اسی طرح قاسم خان نے بھی اپنی والدہ یا کسی نئے سوتیلے والد کے حوالے سے کوئی تبصرہ یا بیان نہیں دیا۔
عمران خان اور جمائما کی طلاق
واضح رہے کہ عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کی شادی شدہ زندگی کا اختتام 2004 میں طلاق پر ہوا تھا،دونوں کے دو بیٹے ہیں،فیکٹ چیک کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے والا اسکرین شاٹ اور اس سے منسلک دعویٰ درست نہیں۔
قاسم خان نے کرسٹین امان پور کے انٹرویو کے دوران اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی کے کسی مبینہ منصوبے یا کسی نئے سوتیلے والد کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں کی، اس لیے وائرل اسکرین شاٹ کو جعلی اور اس سے منسلک دعوے کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔