پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (PMA) نے لاہور اور راولپنڈی میں مختلف سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے، جن میں ماہانہ تنخواہ 4 لاکھ 80 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے، امیدوار ان آسامیوں کے لیے 15 اگست 2026 تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
میٹرو بس سسٹم میں اہم آسامی
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے مجموعی طور پر 7 آسامیوں پر بھرتیاں کی جارہی ہیں، ان میں ڈائریکٹر آپریشنز، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈرائیور کی پوسٹیں شامل ہیں۔
راولپنڈی میں پاکستان میٹرو بس سسٹم کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کی ایک آسامی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے لیے ماہانہ 3 لاکھ 25 ہزار روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔
اورنج لائن میں 4 لاکھ 80 ہزار تنخواہ
سب سے زیادہ تنخواہ لاہور میں اورنج لائن میٹرو ریل ٹرانزٹ سسٹم کے ڈائریکٹر آپریشنز کی پوسٹ کے لیے مقرر کی گئی ہے، اس عہدے پر منتخب امیدوار کو ماہانہ 4 لاکھ 80 ہزار روپے مجموعی تنخواہ دی جائے گی۔
ڈرائیور کی 5 آسامیاں
لاہور میں ڈرائیور کی 5 آسامیوں پر بھی بھرتیاں کی جائیں گی، ہر پوسٹ کے لیے ماہانہ 60 ہزار روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے،ان پانچ نشستوں میں سے 4 اوپن میرٹ جبکہ ایک نشست اقلیتی کوٹے کے لیے مختص کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر آپریشنز کی پوسٹ کے لیے امیدوار کے پاس ایچ ای سی سے تسلیم شدہ ادارے سے ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ یا سول انجینئرنگ میں ماسٹرز ڈگری ہونا ضروری ہے، جبکہ متعلقہ شعبے میں کم از کم 8 سال کا تجربہ بھی درکار ہے۔
ٹرانسپورٹ سے متعلق عوامی منصوبوں میں قائدانہ عہدے پر کام کرنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، اس پوسٹ کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کی اہلیت
ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کی پوسٹ کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس یا کمپیوٹر انجینئرنگ میں 16 سالہ تعلیم کے ساتھ بیچلرز یا ماسٹرز ڈگری درکار ہے،امیدوار کے پاس بڑے پیمانے کے آئی ٹی انفراسٹرکچر سے متعلق کم از کم 8 سال کا تجربہ ہونا چاہیے، جبکہ عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 45 سال ہے۔
ڈرائیور کے لیے شرائط
ڈرائیور کی پوسٹ کے لیے کم از کم مڈل کی تعلیم اور متعلقہ پنجاب اتھارٹی سے تسلیم شدہ درست ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس ضروری ہے، امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 40 سال مقرر کی گئی ہے۔
درخواست کیسے دی جائے؟
امیدوار پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ان آسامیوں کے لیے آن لائن درخواستیں پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے جمع کراسکتے ہیںای میل، کوریئر یا دستی طور پر بھیجی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
درخواست جمع کراتے وقت امیدواروں کو اپنی تعلیمی اسناد، ڈگریاں، تعلیمی ٹرانسکرپٹس اور متعلقہ تجربے کے سرٹیفکیٹس آن لائن اپ لوڈ کرنا ہوں گے،ان سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔