خیبرپختونخوا سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوامی فلاح کیلئے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا، وزیراعظم

خیبرپختونخوا سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوامی فلاح کیلئے وفاق ہر ممکن تعاون کرے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام، تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد میں وفاقی حکومت بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔

شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 13 سالہ اقتدار اور تعلیمی انقلاب کے دعووں کی قلعی کھل گئی! خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں 1,916 اساتذہ کی غیر حاضر، تادیبی کارروائی کا فیصلہ

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اپنی اور خیبرپختونخوا کی مشاورتی کونسل کی جانب سے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا تھا، جس کی بعد ازاں پارلیمنٹ نے بھی توثیق کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 22 اکتوبر کو پشاور میں وفاقی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف سخت فیصلے کرنے اور متاثرہ اضلاع میں امن کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

Related Articles