وفاقی حکومت نے یکم جولائی 2026ء سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں مزید ڈھائی روپے فی لیٹر اضافہ کرتے ہوئے اسے 2.50 روپے سے بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کر دیا ہے جو پہلے سے نافذ لیوی کے مقابلے میں 100 فیصد اضافہ بنتا ہے جبکہ اگر موجودہ قیمت میں شامل مجموعی لیوی کے تناظر میں دیکھا جائے تو صارفین پر اضافی بوجھ 2.50 روپے فی لیٹر ڈالا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں اضافے کے ساتھ ہی پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں بھی ڈھائی ڈھائی روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ اس ردوبدل کے باعث دونوں مصنوعات کی مجموعی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور صارفین کو پہلے سے مقررہ نرخوں پر ہی پیٹرول اور ڈیزل دستیاب رہے گا۔
حکومتی فیصلے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی اب 5 روپے فی لیٹر وصول کی جائے گی جبکہ اسی تناسب سے پیٹرولیم لیوی کم کر دی گئی ہے تاکہ صارفین پر فوری طور پر اضافی مالی بوجھ منتقل نہ ہو۔
حکومت نے یہ اقدام ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل بڑھانے کی حکمت عملی کے تحت اٹھایا ہے تاہم چونکہ پیٹرولیم لیوی میں اسی مقدار کے برابر کمی کی گئی ہے اس لیے عوام کو فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔