ہوائی کے پہاڑوں پر پایا جانے والا نایاب پودا کئی دہائیوں تک انتظار کرتا ہے اور صرف چند دن کے لیے پھولتا ہے
امریکا کی ریاست ہوائی کے جزیرے ماؤئی میں واقع ہالیاکالا آتش فشاں کی بلند ڈھلوانوں پر ایک ایسا نایاب پودا پایا جاتا ہے جو اپنی پوری زندگی میں صرف ایک مرتبہ پھول دیتا ہے۔ اس پودے کو ہالیاکالا سلور ورڈ کہا جاتا ہے جبکہ اس کا سائنسی نام آرگیرواکسفیم سینڈوِسینس سب اسپیشیز میکروسیفالمہے۔
یہ پودا برسوں تک خاموشی سے پہاڑوں پر موجود رہتا ہے۔ اس کے چاندی جیسے پتّے سورج کی روشنی جذب کرتے رہتے ہیں اور پودا انتہائی بلند پہاڑی ماحول میں اپنی توانائی محفوظ کرتا رہتا ہے۔
نیشنل پارک سروس کے مطابق یہ پودا عام طور پر 20 سے 50 سال کی عمر میں پھول دیتا ہے، تاہم ماحولیاتی حالات کے مطابق بعض پودے صرف 7 سال میں بھی پھول سکتے ہیں۔ پھول آنے کا مرحلہ اس کی زندگی کا آخری اور سب سے خوبصورت مرحلہ ہوتا ہے۔
صرف سات دن کی خوبصورتی
حیرت انگیز طور پر اس کا پھول تقریباً سات دن تک برقرار رہتا ہے۔ اس مختصر عرصے میں پودا اپنی محفوظ کی گئی توانائی کا بڑا حصہ افزائش نسل کے عمل میں صرف کردیتا ہے۔ پھول آنے اور بیج پیدا کرنے کے بعد یہ پودا اپنی زندگی کا اختتام کرلیتا ہے۔ یہ نایاب پودا قدرت کی ایک ایسی مثال ہے جو صبر، برداشت اور درست وقت کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
کئی دہائیوں تک خاموش انتظار کے بعد صرف چند دن کی خوبصورتی، ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قدرت کے بعض انتہائی شاندار مناظر فوری طور پر نہیں بلکہ طویل انتظار کے بعد سامنے آتے ہیں۔