قطر کے شہر دوحا میں جاری ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اننگز میں 313 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 79 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ فرحان یوسف نے بھی 46 گیندوں پر 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
معاذ صداقت نے 59 جبکہ شامل حسین نے 33 رنز بنائے۔ کپتان عبدالصمد نے 28 رنز کے ساتھ اسکور میں اہم حصہ ڈالا۔ معاذ صداقت اور حسن نواز کے درمیان بھی اہم شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں مدد دی۔ بھارت اے کی جانب سے وپراج، سوریانش، پرنس اور ہرشیتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 26 رنز پر اس کے2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔
اس کے بعد کپتان تلک ورما اور ابھیشک شرما نے 67 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ابھیشک شرما نے چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔
بعد ازاں تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز جوڑ کر مقابلے میں واپسی کی امید پیدا کی، تاہم پاکستانی بولرز نے اہم موقع پر وکٹیں حاصل کرکے بھارتی پیش قدمی روک دی۔
شہباز احمد 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تلک ورما نے 100 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی وکٹ گرنے کے بعد بھارتی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے مقابلہ 48 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے 3،3جبکہ عمران رندھاوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ میں اپنے دونوں میچ جیت کر 4پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں، جس سے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔