ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا جوش دنیا بھر میں عروج پر ہے، لیکن ایک باپ نے اپنے نابینا بیٹے کو میچ کا ہر لمحہ محسوس کرانے کے لیے ایسا منفرد طریقہ اپنایا کہ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علی رضا پیدائشی طور پر نابینا ہیں، تاہم ان کے والد نے اپنے بیٹے کو فٹ بال میچ سے جوڑنے کے لیے ایک سادہ مگر نہایت مؤثر ماڈل تیار کیا۔ انہوں نے پینے والی نلکیوں، گتے کے ایک ڈبے اور شیشے کی ایک چھوٹی گولی کی مدد سے فٹ بال کے میدان کا ایک چھوٹا نمونہ بنایا۔
میچ کے دوران والد شیشے کی گولی کو ماڈل پر حرکت دیتے ہیں، جبکہ علی رضا اپنا ہاتھ اس پر رکھ کر گیند کی سمت، رفتار اور میدان میں ہونے والی نقل و حرکت کو محسوس کرتے ہیں۔ اس طرح وہ کھیل کی صورتحال کو کسی حد تک سمجھنے اور میچ کے سنسنی خیز لمحات کا لطف اٹھانے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں باپ اور بیٹے کی خوبصورت ہم آہنگی اور محبت نے لاکھوں صارفین کے دل جیت لیے۔ صارفین نے والد کی تخلیقی سوچ، محبت اور اپنے بیٹے کو خوشیاں دینے کے جذبے کو بے حد سراہا۔
کئی صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صرف دیکھنے کا نام نہیں بلکہ اسے محسوس بھی کیا جا سکتا ہے، اور ایک باپ نے اپنی محبت سے اس بات کو حقیقت میں بدل کر دکھا دیا۔
یہ واقعہ اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ محبت، خلوص اور تخلیقی سوچ کے ذریعے جسمانی معذوری بھی کسی کے شوق اور خوشی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔