گاڑیوں کے کرائے فوری کم کرنے کا حکم

گاڑیوں کے کرائے فوری کم کرنے کا حکم

سندھ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کا حکم دے دیا ہے، جس سے روزانہ بسوں، منی بسوں، کوچز اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے شہریوں کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا مکمل فائدہ مسافروں تک منتقل کیا جائے اور پبلک سروس گاڑیوں کے کرایوں میں فوری کمی یقینی بنائی جائے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے، اس لیے بسوں، منی بسوں، کوچز، وینز اور دیگر پبلک سروس گاڑیوں کے کرایوں پر بھی اس کمی کے اثرات منتقل کیے جائیں۔

حکام نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ نظرثانی شدہ کرایوں کی فہرست تمام گاڑیوں اور بس اڈوں پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائے تاکہ مسافروں کو نئے کرایوں سے آگاہی حاصل ہوسکے اور زائد کرایہ وصولی کی شکایات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:اپنا گھر بنانے والوں کیلئے خوشخبری، ہاؤسنگ فنانس میں بڑا ریلیف

محکمہ ٹرانسپورٹ نے متعلقہ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر روڈ چیکنگ اور گاڑیوں کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ حکام اس بات کی نگرانی کریں گے کہ ٹرانسپورٹرز سرکاری احکامات کے مطابق کم کیے گئے کرایوں پر عملدرآمد کررہے ہیں یا نہیں۔

حکام کے مطابق زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، روٹ پرمٹ کی معطلی اور فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائیاں کی جاسکیں گی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ کرایوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کی روزانہ رپورٹ محکمہ ٹرانسپورٹ کو جمع کروائی جائے، تاکہ نگرانی کا عمل مؤثر بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔

ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد سندھ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ٹرانسپورٹرز کو ملنے والے ریلیف کو براہ راست مسافروں تک منتقل کرنا اور شہریوں کے سفری اخراجات میں کمی لانا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles