ملکی اور عالمی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد حالیہ دنوں میں ہونے والے بڑے اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں نمایاں کریکشن دیکھنے میں آ رہی ہے۔
قیمتوں میں کمی سے زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کو کسی حد تک ریلیف ملا ہے جبکہ سرمایہ کار بھی عالمی مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 400 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 37 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 58 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 75 ہزار 30 روپے پر آ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 37 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 679 روپے کی سطح پر آ گئی، جس سے قیمتی دھاتوں کی مجموعی مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان برقرار رہا۔
عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جہاں فی اونس سونا 24 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 150 ڈالر پر آ گیا عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کو سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول، امریکی ڈالر کی صورتحال اور عالمی معاشی اشاریوں سے جوڑا جا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد اب مارکیٹ میں قدرتی کریکشن کا عمل جاری ہے ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ مالیاتی پالیسی ڈالر کی قدر، افراطِ زر کے اعداد و شمار اور جغرافیائی سیاسی صورتحال آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں کی سمت کا تعین کریں گے۔