فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنلز کے اختتام پر لیونل میسی، جولین الواریز اور جوڈ بیلنگھم نے شاندار کارکردگی سے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے، جبکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں بھی متعدد منفرد اعزازات حاصل ہوئے۔
ارجنٹینا نے سوئٹزرلینڈ کو اضافی وقت میں 1-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ انگلینڈ نے ناروے کو 1-2 سے ہرا کر آخری چار ٹیموں میں رسائی حاصل کی۔
سال 1992 میں فیفا رینکنگ کے اجراء کے بعد یہ پہلا ورلڈ کپ ہے جس میں ٹاپ چار سیڈڈ ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں ، اس کے علاوہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف تیسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ چاروں سیمی فائنلسٹ سابق عالمی چیمپیئن ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اعزاز 1970 اور 1990 کے ورلڈ کپ میں دیکھا گیا۔
میسی نے 2026 ورلڈ کپ میں اب تک 20 ایسے پاسز دیے جن سے شاٹ لیا گیا، اور وہ 1966 کے بعد پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے تین مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
میسی نے الیکسس میک الیسٹر کو کارنر سے گول کروا کر ورلڈ کپ میں اپنی مجموعی اسسٹس کی تعداد 10 تک پہنچا دی، جو 1966 کے بعد کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ اسسٹس ہیں۔