متحدہ عرب امارات نے سیٹلائٹ مواصلاتی ٹیکنالوجی میں ایک اہم کامیابی حاصل کر لی ہے، جس کے بعد مستقبل میں اسمارٹ فونز سے موبائل نیٹ ورک کے بغیر بھی ایس ایم ایس اور ہنگامی پیغامات بھیجے جا سکیں گے۔
اماراتی کمپنی اسپیس42 نے اسکائی لو ٹیکنالوجیز کے تعاون سے ڈائریکٹ ٹو ڈیوائس ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا۔ اس دوران عام اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کو تھریا 4 سیٹلائٹ کے ذریعے بغیر کسی اضافی ہارڈویئر کے کامیابی سے منسلک کیا گیا۔
اس نئی ٹیکنالوجی کی بدولت صحراؤں، پہاڑی علاقوں، سمندری راستوں اور دیگر مقامات پر، جہاں روایتی موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں ہوتا، صارفین رابطے میں رہ سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سروس کو رواں سال کے آخر تک تجارتی بنیادوں پر متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ ابتدائی مرحلے میں صارفین کو ہنگامی پیغامات بھیجنے، اپنی لوکیشن شیئر کرنے اور سیٹلائٹ کے ذریعے دیگر بنیادی مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف ہنگامی حالات میں رابطے کو مزید مؤثر بنائے گی بلکہ متحدہ عرب امارات کو جدید سیٹلائٹ کمیونیکیشن اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی مزید مضبوط مقام دلانے میں مدد دے گی۔