وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر زو ر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے ماحولیات، پانی اور زراعت کے وزیر عبدالرحمٰن بن عبدالمحسن الفادلی نے ملاقات کی اور انہیں خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے نیک تمناؤں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم  نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لیے اب دونوں ممالک کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے، تاکہ دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان، خصوصاً پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید کی الوداعی ملاقات

ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ان امور پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ اس شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

مشترکہ دفاعی معاہدہ ،امن کا پیغام 

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں اور اس معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔

سعودی وزیر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا ، انہوں نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، جنید انوار چوہدری، ڈاکٹر سید توقیر شاہ، بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

editor

Related Articles