آج کے دور میں سائبر کرائم تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کوئی بھی اس کے خطرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں سائبر مجرم مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے لوگوں کو مالی نقصان پہنچانے، آن لائن فراڈ کرنے، ہراساں کرنے اور ذاتی معلومات چوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسمارٹ فون، ٹیبلیٹ اور کمپیوٹرز میں موجود ذاتی تصاویر، دستاویزات، رابطے اور دیگر حساس معلومات ڈیوائس گم ہونے یا چوری ہونے کی صورت میں غلط ہاتھوں میں جا سکتی ہیں۔
اسی خطرے کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ڈیوائس مینجمنٹ سے متعلق حفاظتی رہنمائی فراہم کی ہے، جس پر عمل کر کے نہ صرف اپنی بلکہ پورے خاندان کی ڈیوائسز کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
ڈیوائس کو محفوظ رکھنے کے آسان طریقے
اپنی اہم تصاویر، دستاویزات اور رابطوں کا باقاعدگی سے بیک اپ محفوظ کلاؤڈ سروس یا بیرونی اسٹوریج (ایکسٹرنل ڈرائیو) میں محفوظ کریں،تمام ڈیوائسز کو جدید ترین سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور سافٹ ویئر کے تازہ ورژنز کے ساتھ اپ ٹو ڈیٹ رکھیں،مضبوط پاس ورڈ، پن کوڈ یا بائیومیٹرک تصدیق (فنگر پرنٹ یا فیس آئی ڈی) لازمی فعال کریں۔
ڈیوائس گم ہونے کی صورت میں اسے تلاش کرنے کے لیے Find My iPhone یا Find My Device جیسی لوکیشن ٹریکنگ سروسز استعمال کریں،بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے تحفظ کے لیے اسکرین ٹائم، ایپ ایکسیس کنٹرول اور پیرنٹل کنٹرول فیچرز فعال کریں تاکہ نامناسب مواد تک رسائی محدود کی جا سکے۔
ڈیوائس فروخت یا مرمت سے پہلے یہ کام ضرور کریں
اسمارٹ فون، ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر فروخت کرنے، کسی دوسرے شخص کو دینے یا مرمت کے لیے جمع کرانے سے پہلے تمام ذاتی ڈیٹا حذف کریں اور فیکٹری ری سیٹ ضرور کریں تاکہ آپ کی نجی معلومات چوری یا غلط استعمال سے محفوظ رہیں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق چند آسان حفاظتی اقدامات اپنا کر نہ صرف آن لائن فراڈ بلکہ ڈیٹا چوری اور سائبر حملوں کے خطرات کو بھی نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔