ٹرپل سنچری، ایک اوور میں 6 چھکے؛ کرکٹ کا عظیم ترین لیجنڈ انتقال کر گیا

ٹرپل سنچری، ایک اوور میں 6 چھکے؛ کرکٹ کا عظیم ترین لیجنڈ انتقال کر گیا

کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈر اور ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ سر گارفیلڈ (گیری) سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے جس کے بعد عالمی کرکٹ ایک ایسے عظیم کھلاڑی سے محروم ہو گئی

انہیں ہر دور کے بہترین آل راؤنڈرز میں سرفہرست شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے انتقال پر دنیا بھر کے کرکٹ بورڈز سابق و موجودہ کھلاڑیوں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک عظیم اننگز اپنے اختتام کو پہنچ گئی سر گیری سوبرز ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ بورڈ نے انہیں لیجنڈ آئیکون اور ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کا بل کب آئے گا؟ حکومت نے صارفین کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی سر گیری سوبرز کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 1959 میں ویسٹ انڈیز کے دورۂ پاکستان کے دوران ان کی میزبانی پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز تھی۔ پی سی بی کے مطابق ان کی غیر معمولی صلاحیتوں نے پاکستانی میدانوں کو بھی یادگار لمحات دیے اور ان کا شاندار کیریئر عالمی کرکٹ کی تاریخ کا لازوال باب ہے۔

شاندار کیریئر

سر گیری سوبرز نے محض 17 برس کی عمر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائی اور 1954 سے 1974 تک دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں 93 ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے 57.78 کی شاندار اوسط سے 8,032 رنز اسکور کیے، جن میں 26 سنچریاں شامل تھیں، جبکہ 235 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کے اعدادوشمار مزید شاندار رہے، جہاں انہوں نے 28 ہزار سے زائد رنز بنائے اور ایک ہزار سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں، جو ان کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں۔

پاکستان کے خلاف تاریخی ٹرپل سنچری

سر گیری سوبرز نے 1958 میں پاکستان کے خلاف صرف 21 برس کی عمر میں ناقابل شکست 365 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ بعد میں یہ ریکارڈ برائن لارا نے توڑا، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں کم عمر ترین ٹرپل سنچری بنانے والے بلے باز کا اعزاز آج بھی سر گیری سوبرز کے پاس ہے۔

اسی سیریز میں انہوں نے کانراڈ ہنٹ کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 446 رنز کی تاریخی شراکت بھی قائم کی، جو کئی دہائیوں تک عالمی ریکارڈ رہی۔

ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے پہلے بیٹر

سر گیری سوبرز نے 1968 میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلیمورگن کے بولر میلکم نیش کے ایک ہی اوور میں مسلسل چھ چھکے لگا کر فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بیٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا، جو آج بھی کرکٹ کی تاریخ کے یادگار ترین لمحات میں شمار ہوتا ہے۔

تین انداز کی بولنگ، بہترین فیلڈر

گیری سوبرز کی سب سے بڑی خصوصیت ان کی ہمہ جہت صلاحیت تھی۔ وہ صرف جارحانہ بیٹر ہی نہیں بلکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ میڈیم، آرتھوڈوکس اسپن اور چائنا مین اسپن تینوں انداز میں مؤثر بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ سلپ اور شارٹ لیگ پر ان کی فیلڈنگ بھی مثال سمجھی جاتی تھی۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 109 کیچز بھی پکڑے۔

ریکارڈ جو آج بھی قائم ہے

سر گیری سوبرز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 8 ہزار رنز صرف 157 اننگز میں مکمل کیے تھے۔ یہ ریکارڈ آج بھی برقرار ہے اور سچن ٹنڈولکر، برائن لارا سمیت دنیا کے کئی عظیم بلے باز بھی اس کارنامے کو عبور نہیں کر سکے۔

ریکارڈز ٹوٹنے کے لیے بنتے ہیں

جب برائن لارا نے ان کا 365 رنز کا عالمی ریکارڈ توڑا تو سر گیری سوبرز نے انتہائی خوبصورت انداز میں کہا تھا ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں۔ میرے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ میرا ریکارڈ ایک ایسے کھلاڑی نے توڑا جو کرکٹ کو اسی انداز سے کھیلتا ہے جیسے اسے کھیلا جانا چاہیے۔

عالمی اعزازات

کرکٹ کے لیے غیر معمولی خدمات پر برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے انہیں سر کا خطاب دیا جبکہ آئی سی سی نے سال کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ کو سر گیری سوبرز ٹرافی کا نام دے رکھا ہے۔

مشہور جریدے وزڈن نے انہیں 20ویں صدی کے پانچ عظیم ترین کرکٹرز میں دوسرے نمبر پر رکھا جبکہ لیجنڈ سر ڈونلڈ بریڈمین نے انہیں کرکٹ کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔

بارباڈوس حکومت نے انہیں قومی ہیرو کا درجہ دیا اور ان کے نام سے سر گارفیلڈ سوبرز اسپورٹس کمپلیکس بھی قائم کیا۔

سر گیری سوبرز کے انتقال کے ساتھ کرکٹ کا ایک ایسا سنہری باب اختتام کو پہنچ گیا ہے جس کی مثال شاید دوبارہ نہ مل سکے۔ ان کے ریکارڈز کارنامے اور کھیل کے لیے خدمات ہمیشہ کرکٹ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

editor

Related Articles