عمران خان کی بہن نورین نیازی کے متنازع بیان کو بھارتی میڈیا مختلف پروگراموں اور رپورٹس میں نورین نیازی کے بیان کو نمایاں کوریج دے رہا ہے، جس پر پاکستان بھر سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ ملک دشمنی اور غداری اور کیا ہوتی ہے ؟
مبصرین کا کہنا ہے کہ جب کسی ملک کے سیاسی رہنما یا ان کے قریبی رشتہ داروں کے ریاستی اداروں یا قومی معاملات سے متعلق بیانات کو دشمن ملک کا میڈیا اپنے مؤقف کے حق میں استعمال کرے تو اس سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے نورین نیازی کے بیان کو نمایاں کوریج دیے جانے پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ ایسے بیانات سے کس کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے اس قسم کے بیانات دشمن ملک کے میڈیا کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
دوسری جانب افواجِ پاکستان سے متعلق متنازع اور اشتعال انگیز بیان دینے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے متعلق ریمارکس پر این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹس میں ان سے متنازع بیان پر وضاحت طلب کی گئی ہے، جبکہ انہیں تحقیقات کے سلسلے میں مقررہ تاریخ پر متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نورین نیازی کے پاک بھارت جنگ سے متعلق بیان پر مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے مسلسل ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ متعدد رہنماؤں نے ان کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات،پنجاب کی وزیر اطلاعات سیاسی قیاد ت سمیت عوام میں نورین نیازی کے بیان پر شدید غم وغصہ پایا جاتا ہےاس حوالے سے عظمی بخاری نے نورین نیازی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان عمران خان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس خاندان کو پاکستان کی ہر کامیابی سے تکلیف ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو شکست دی، جبکہ نورین نیازی کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حق میں بات کرنا شرمناک اور قابل مذمت ہے۔