گر آپ بھی واٹس ایپ کے بے شمار گروپس میں آنے والے سیکڑوں پیغامات سے پریشان ہیں اور اکثر ضروری سوالات یا جوابات آپ کی نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں، تو واٹس ایپ نے آپ کی اس بڑی مشکل کا حل نکال لیا ہے۔
انسٹنٹ میسجنگ کی دنیا کے مقبول ترین پلیٹ فارم واٹس ایپ نے ’مینشنز اینڈ ریپلائیز‘ (Mentions & Replies) کے نام سے ایک بالکل نیا اور انتہائی مفید فلٹر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔
یہ فلٹر کیسے کام کرے گا؟
واٹس ایپ بیٹا انفو (WABetaInfo) کی رپورٹ کے مطابق، یہ نیا فلٹر ایپ کی بنیادی ’چیٹس ٹیب‘ میں دستیاب ہوگا۔ اس فلٹر پر کلک کرتے ہی آپ کے سامنے صرف وہی چیٹس اور پیغامات آئیں گے جہاں کسی نے آپ کو ٹیگ (@Mention) کیا ہو یا آپ کے بھیجے گئے کسی پیغام کا جواب (Reply) دیا ہو۔
اس فیچر کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ بڑی کمیونٹیز اور مصروف گروپس میں چلنے والی طویل گفتگو کے دوران آپ کو اپنے سے متعلقہ اہم پیغامات تلاش کرنے کے لیے اب الگ سے وقت ضائع نہیں کرنا پڑے گا۔
اس فیچر کی خاص بات کیا ہے؟
عموماً موبائل کی اسکرین سے نوٹیفکیشنز صاف کرنے کے بعد اکثر لوگ بھول جاتے ہیں کہ انہیں کس گروپ میں ٹیگ کیا گیا تھا تاہم اس فیچر کی بڑی خوبی یہ ہے کہ نوٹیفکیشنز ختم ہونے کے باوجود متعلقہ چیٹس اس فلٹر میں محفوظ رہیں گی، تاکہ آپ جب چاہیں آرام سے انہیں دیکھ سکیں۔
علاوہ ازیں، اگر کوئی صارف اپنی چیٹس میں زیادہ فلٹرز نہیں رکھنا چاہتا تو اسے یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ سیٹنگز میں جا کر اس فیچر کو آن/آف کر سکے یا اسے ‘مور’ (More) سیکشن میں منتقل کر دے۔
یہ فیچر کسے اور کب ملے گا؟
فی الوقت یہ جدید فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.42.12 کے کچھ مخصوص صارفین کے لیے آزمائشی طور پر جاری کیا جا رہا ہے تاہم ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہوتے ہی اسے بہت جلد دنیا بھر کے تمام عام صارفین کے لیے بھی رول آؤٹ کر دیا جائے گا۔