بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار ،10دہشتگرد ہلاک : آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار ،10دہشتگرد ہلاک : آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سکیورٹی فورسزنے اہم کارروائیوں میں  10 دہشت گرد ہلاک  جبکہ 2 خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہوں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 10 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک سہولتکار کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر مشترکہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ سوراب میں کارروائی کے دوران 7 جبکہ مستونگ میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان کے مطابق مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک مبینہ سہولتکار کو بھی گرفتار کیا گیا،  کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :فتنہ الخوارج کا سہولت کار خود ساختہ مولوی ظفریاب گرفتار ، تفتیش میں اہم انکشافات

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی مبینہ دہشتگرد یا اس کے سہولتکار کو گرفتار کیا جا سکے،  نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدر وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ دو خودکش بمبار خواتین سمیت ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کیا۔

اپنے بیان میں  وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے دشمن ہیں، تاہم ریاست ان کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔

editor

Related Articles