معروف بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی ملک کی رہنمائی ایک جاہل شخص کے ہاتھ میں ہو تو اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ پورے معاشرے کو بھی اسی سوچ کی طرف لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں نصیر الدین شاہ نے کہا کہ وہ شدید غصے میں ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مودی حکومت بچوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت کے حامی عناصر طاقت کے زور پر خوف کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ منہ پر نقاب اور ہاتھوں میں ڈنڈے لیے حکومت کے حامی افراد کا طرز عمل انہیں سخت گیر دور کی یاد دلاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ریاستی طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ عوامی ناراضی میں اضافہ کرتا ہے۔
نصیر الدین شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات کو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا اور حکمرانوں کو اپنے فیصلوں کا جواب دینا پڑتا ہے، انہوں نے بچوں اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں اور پیچھے نہ ہٹیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات میں عوامی آواز کو دبانے کے بجائے مسائل کو سننے اور حل کرنے کی ضرورت ہےآخر میں انہوں نے مودی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب یاد رکھا جائے گا ۔