آئی سی سی کی تازہ ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری ہوتے ہی اہم تبدیلیاں سامنے آگئیں، پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک بار پھر ترقی کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشنز کی جانب پیش قدمی شروع کر دی۔
نئی رینکنگ کے مطابق بابر اعظم ایک درجے بہتری کے بعد بیٹرز کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں،بیٹرز رینکنگ میں آئرلینڈ کے ہیری ٹیکر ساتویں، انگلینڈ کے جو روٹ چار درجے ترقی کے بعد آٹھویں اور بھارت کے شریاس ایئر 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
افغانستان کے رحمان اللہ گرباز، سری لنکا کے پاتھم نسانکا اور پاکستان کے سلمان علی آغا نے بھی رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی، تینوں کھلاڑی دو، دو درجے ترقی کے بعد بالترتیب 14ویں، 15ویں اور 16ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی حکمرانی برقرار ہےجبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے دو درجے ترقی کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن حاصل کر لی، حارث رؤف بھی بہتری کے بعد 20ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔