پاکستان اور سری لنکا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سری لنکن وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ سے اہم ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور قریبی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، اقتصادی روابط، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر گفتگو کی، جبکہ ادارہ جاتی روابط میں مثبت پیش رفت اور بڑھتے ہوئے تجارتی تعاون کو بھی سراہا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ کامیاب دورۂ سری لنکا کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق سری لنکن وزیر خارجہ نے امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ علاقائی کشیدگی کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے،دونوں ممالک نے خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔