اسلام آباد پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت شہری اب پولیس خدمت مرکز اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات کے لیے گھر بیٹھے وقت حاصل کر سکیں گے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق شہری آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے پولیس کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر مطلوبہ سروس کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد وہ پولیس خدمت مرکز یا ڈرائیونگ لائسنس سروس میں سے متعلقہ آپشن منتخب کرکے اپنی سہولت کے مطابق تاریخ اور وقت مقرر کر سکیں گے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تمام سہولت مراکز پر اپائنٹمنٹ کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ شہری مقررہ وقت پر متعلقہ مرکز پہنچ کر اپنے مخصوص کاؤنٹر سے خدمات حاصل کر سکیں گے، جس سے انتظار کے وقت میں کمی اور نظام کو مزید منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور انہیں محض وقت حاصل کرنے کے لیے سہولت مراکز کے بار بار چکر لگانے سے بچانا ہے۔ آن لائن نظام کے ذریعے شہری پہلے سے اپنی اپائنٹمنٹ بک کروا کر زیادہ آسان اور تیز رفتار طریقے سے پولیس خدمات حاصل کر سکیں گے۔